کراچی میں رین ایمرجنسی نافذ: طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کے بعد انتظامیہ ہائی الرٹ، خستہ حال عمارتیں فوری خالی کرانے کا حکم

کراچی : شہر قائد میں طوفانی بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا اور خستہ حال عمارتیں خالی کرانے کا حکم بھی دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کے نئے اور طاقتور سپیل کی پیشگوئی کے بعد کراچی انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو اگلے 7 دن فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے مکمل متحرک ہو کر نکاسیِ آب کے لیے مشینری کی فعالیت یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی تیز ہواؤں کے پیشِ نظر خطرناک بل بورڈز کے خلاف فوری کارروائی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات اور ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) مزمل ہالیپوٹو نے افسران کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ایس بی سی اے نے خطرناک اور خستہ حال عمارتوں کے مکینوں کو فوری طور پر جگہ خالی کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بارش کے دوران بوسیدہ دیواروں اور زیرِ تعمیر عمارتوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کے الیکٹرک سمیت تمام بلدیاتی اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔

شہریوں کی مدد اور شکایات کے لیے کمشنر آفس میں ریسکیو ہیلپ لائن 1299 کو فعال کر دیا گیا ہے۔

تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے دفاتر میں ڈیجیٹل کنٹرول رومز اور ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ عوام کی فوری رہنمائی کی جا سکے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*