کراچی میں امریکی قونصل خانے پر دھاوا: ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت پر احتجاج، فائرنگ سے 9 افراد جاں بحق

کراچی(یکم مارچ 2026): کراچی میں امریکی قونصل خانے کے قریب ہنگامہ آرائی کے دروان فائرنگ کے نیتجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت پر کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر ہونے والا احتجاج اس وقت کشیدہ صورتحال اختیار کر گیا ہے، مظاہرین کی امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس سے جھڑپوں میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

مائی کولاچی روڈ پر امریکن قونصلیٹ کے قریب ہنگامہ آرائی اور ایم ٹی خان روڈ پر مظاہرین کے پتھراؤ کے بعد پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی، سلطان آباد پُل کے نیچے ٹریفک پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی گئی۔

پولیس کی جانب سے مجمع کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا گیا، تاہم صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب مظاہرین مبینہ طور پر قونصل خانے کا دروازہ توڑ کر احاطے کے اندر داخل ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور مظاہرین کو پیچھے دھکیلنے کے لیے اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے اور قونصلیٹ کی جانب جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ اب بھی مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر ہونے والے احتجاج کے باعث شہر کے اہم ترین تجارتی و سفارتی زون میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے پیشِ نظر سلطان آباد سے مائی کولاچی جانے والی سڑک دونوں اطراف سے بند کر دی گئی ہے، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہے۔

شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس نے متبادل روٹس جاری کیے ہیں، جناح برج سے آنے والی ٹریفک کو آئی آئی چندریگر روڈ کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

بوٹ بیسن سے آنے والی ٹریفک کو مائی کولاچی پھاٹک سے یوٹرن کروایا جا رہا ہے، پی آئی ڈی سی سے آنے والی ٹریفک کو پارک کٹ سے واپس بھیجا جا رہا ہے، پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا انتخاب کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*