کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں طالبات کے لیے جدید کامن روم کا افتتاح؛ تعلیمی ماحول اور انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے اہم قدم

14 مارچ 2026

کراچی: جامعات صرف وہ مقامات نہیں جہاں لیکچر دیے جاتے ہیں اور امتحانات لیے جاتے ہیں۔ یہ وہ تعلیمی ماحول ہوتے ہیں جہاں طلبہ و طالبات دن کا بڑا حصہ تعلیم حاصل کرتے ہوئے، ایک دوسرے سے سیکھتے اور اپنی شخصیت کو نکھارتے ہوئے گزارتے ہیں۔ اسی لیے ایک معیاری تعلیمی ادارہ صرف کلاس رومز اور لیبارٹریز تک محدود نہیں ہوتا بلکہ طلبہ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاون سہولیات کی فراہمی بھی اتنی ہی ضروری ہوتی ہے۔

اسی سوچ کے تحت کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں حال ہی میں طالبات کے لیے ایک نئے گرلز کامن روم کا افتتاح کیا گیا، جو طویل عرصے سے درپیش ایک اہم ضرورت کو پورا کرنے کی جانب نمایاں قدم ہے۔

کراچی میڈیکل اینڈ دینٹل کالج کی اپگریڈیشن اور یونیورسٹی بننے کے بعد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کی قیادت میں تدریسی عمل میں بہتری کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کو بھی تیزی سے بہتر بنایا جا رہا ہے اور اسی سلسلے میں یونیورسٹی نے طالبات کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے عملی قدم اٹھایا ہے۔ اب ایک ایسی جگہ بنائی گئی ہے جس سے طالبات کے لیے پرائیویسی کے ساتھ پرسکون جگہ کا نہ ہونا کا خلا ختم ہو گیا ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید دور کی جامعات کو صرف تعلیم و تحقیق تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں طلبہ کی روزمرہ ضروریات اور سہولیات کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ ان کے مطابق طالبات کے لیے کامن روم کا قیام اسی وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد ایک ایسا تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے جہاں طلبہ خود کو محفوظ، باوقار اور پُراعتماد محسوس کریں۔

سیکرٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نعمان احسن نے اس موقع پر کہا: "تعلیم کے معیار میں بہتری صرف کمرہ جماعت تک محدود نہیں ہوتی، بلکہ طلبہ کے لیے محفوظ اور سہولت بخش ماحول فراہم کرنا بھی اسی معیار کا اہم پہلو ہے۔ کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا یہ اقدام نہ صرف طالبات کی بنیادی ضروریات کو پورا کرتا ہے بلکہ ان کے خود اعتمادی کو بھی فروغ دے گا۔ ہم اس منصوبے کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دیگر تعلیمی ادارے بھی اسی جذبے کی تقلید کریں گے۔”

گرلز کامن روم ایک ایسی جگہ ہے جہاں طالبات کلاسز کے درمیان آرام کر سکتی ہیں، پڑھائی کر سکتی ہیں، اور سب سے بڑی بات، خود کو محفوظ اور پرسکون محسوس کر سکتی ہیں۔

گرلز کامن روم میں آرام دہ نشستیں، مطالعے کے لیے پرائیویٹ جگہ، لاکرز اور موبائل چارجنگ پوائنٹس بھی لگائے گئے ہیں۔ گرلز کامن روم میں طالبات کے لیے نماز پڑھنے کی جگہ کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

گرلز کامن روم کا قیام دراصل اس وسیع تر تبدیلی کا حصہ ہے جو اگست 2024 کے بعد سے ادارے میں دیکھنے میں آ رہی ہے، جب ادارہ کالج سے باقاعدہ یونیورسٹی کی شکل میں ایک نئے مرحلے میں داخل ہوا۔

اگرچہ ادارہ اس وقت محدود مالی وسائل کے ساتھ کام کر رہا ہے، اس کے باوجود انتظامیہ نے کئی عملی اقدامات کیے ہیں جن کا مقصد تعلیمی نظام اور کیمپس سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔

اسی سلسلے میں پہلی مرتبہ کمپیوٹرائزڈ امتحانات کا انعقاد کیا گیا جو ادارے کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس کے علاوہ عملے کی صلاحیتوں میں اضافہ، انتظامی نظام کو بہتر بنانا اور ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی جیسے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

کیمپس کی سہولیات میں بہتری کے لیے نئی لائبریری کے قیام، اضافی واش رومز کی تعمیر اور طلبہ و عملے کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے آر او واٹر پلانٹ کی تنصیب بھی عمل میں لائی گئی ہے۔

جامعات میں ایسی سہولیات محض عمارتیں نہیں ہوتیں بلکہ یہ ایک پیغام بھی دیتی ہیں کہ ادارہ اپنے طلبہ کی فلاح و بہبود کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر موجود طلبہ و طالبات کے درمیان یہ احساس نمایاں تھا کہ یہ اقدام ادارے میں ایک مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔ طالبات نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنے برسوں بعد یہ سہولت ملنا ہمارے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ادارہ واقعی مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئندہ بھی طلبہ کی سہولیات اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات زیرغور ہیں۔

گرلز کامن روم بظاہر ایک سادہ سی سہولت ہے، مگر درحقیقت یہ اس بات کی علامت ہے کہ جب ادارے طلبہ کی ضروریات کو سنجیدگی سے سمجھتے اور ان پر عمل کرتے ہیں تو حقیقی ترقی ممکن ہو جاتی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*