
کراچی: (کرائم رپورٹر)
انوسٹی گیشن ٹیم ماڑی پور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لاپتہ ہونے والی خاتون کو بچوں سمیت بحفاظت بازیاب کرلیا، جبکہ واقعے میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ یہ بات ایس ایس پی انوسٹی گیشن مسرور احمد جتوئی نے بتائی۔تفصیلات کے مطابق خاتون پروین اپنی 11 سالہ بیٹی اقراء اور 2 سالہ بیٹے حنان کے ہمراہ یکم مارچ کو ماڑی پور کے علاقے سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھیں، جس پر واقعے کا مقدمہ تھانہ ماڑی پور میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے کیس کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کا دائرہ وسیع کیا۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن کے مطابق تفتیشی ٹیم نے جدید تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم شہزاد کو گرفتار کر لیا اور مغوی خاتون و بچوں کو بلدیہ کے علاقے سے بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو بے نقاب کیا جا سکے۔ پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی اور سیکیورٹی معاونت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
