
کراچی(2 مارچ 2026): کراچی سے چلنے والی 4 اہم ٹرینیں آج کے لیے منسوخ کردی گئیں تاہم مسافروں کو متبادل سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسافروں کی تعداد میں کمی کے باعث ریلوے حکام نے کراچی سے روانہ ہونے والی 4 بڑی ٹرینوں کو آج کے لیے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، منسوخ ہونے والی ٹرینوں میں کراچی ایکسپریس، خوشحال خان خٹک ایکسپریس، بولان میل اور قراقرم ایکسپریس شامل ہیں۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق کراچی ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس کے مسافروں کو ‘پاک بزنس ایکسپریس’ میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ پاک بزنس ایکسپریس اپنے مقررہ وقت سے 2 گھنٹے تاخیر کے ساتھ آج شام 6 بجے کراچی سے روانہ ہوگی۔ اس کے علاوہ، فیصل آباد سے قراقرم ایکسپریس کے مسافروں کو ‘ملت ایکسپریس’ کے ذریعے متبادل سہولت فراہم کی جائے گی۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ خوشحال خان خٹک ایکسپریس اور بولان میل کے مسافروں کو مکمل رقم کی واپسی یا اپنی سفر کی تاریخ تبدیل کروانے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ تمام متاثرہ مسافروں کی سہولت کے لیے ریلوے اسٹیشنز پر خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
