
دبئی: پاکستان نے میچ ریفری تبدیل نہ کرنے تک ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ ریفری نے پاک بھارت میچ کے دوران سلمان علی آغا کو ہاتھ نہ ملانے کا کہا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی نے میچ ریفری کو ہٹانے کے لئے آئی سی سی کو خط بھی لکھ دیا ہے، پی سی بی کا کہنا ہے کہ میچ ریفری نے پاک بھارت میچ کے دوران آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
اس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایکس پر لکھا تھا کہ آئی سی سی کو قوانین کی خلاف ورزی پر شکایت درج کرائی ہے۔ کھیل میں سیاست کو گھسیٹنا کھیل کی روح کے منافی ہے۔
پی سی بی نے قوانین اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر احتجاجاً خط لکھا ہے جس میں پاکستان نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران پیش واقعےکی روشنی میں لکھا گیا ہے، اینڈی پائی کرافٹ نے کپتان سلمان آغا سے ٹاس کے موقع پر ہینڈشیک نہ کرنے کا کہا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے خط میں ایم سی سی قوانین کا حوالہ بھی دیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے خط میں اسپرٹ آف دی گیم کو بار بار دہرایا ہے اور اپنے مؤقف میں کہا کہ ریفری نے اپنی ذمہ داریوں کو نہیں نبھایا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایکس پر جاری پیغام میں آئی سی سی کے ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی پر شکایت کی، میچ ریفری کو فوری طور پر ایشیا کپ سے ہٹا یا جائے۔
