
عمران خان اور ان کے اہلِ خانہ پر حکومتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، فہیم خان
مہنگائی، قرضے اور حکومتی جبر عوام دشمن پالیسیوں کا ثبوت ہے، فہیم خان،
فارم 47 کی جعلی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے عوام نجات چاہتی ہے، فہیم خان،
کراچی(پریس ریلیز تاریخ 7 جنوری 2026) پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے سینیئر نائب صدر و سابق رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے سندھ کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ پی ٹی آئی کی جاری اسٹریٹ موومنٹ میں عوامی رابطے کو مضبوط بنانے میں اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی قیادت نے محدود وسائل کے باوجود عوامی فلاح کے لیے عملی اقدامات کیے، جو دیگر صوبوں کے لیے مثال ہیں۔
فہیم خان نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ روا رکھے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف غیر آئینی بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مقبول عوامی لیڈر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا کر قوم کی آواز دبانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف حکومتی جبر، گرفتاریوں، کریک ڈاؤن اور آزادیِ اظہار پر قدغنیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ موجودہ حکمران عوامی حمایت سے محروم ہیں۔ فہیم خان کے مطابق جب حکومت کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوجائے تو وہ طاقت کے استعمال کا سہارا لیتی ہے۔
سابق ایم این اے نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی قوتِ خرید ختم ہوچکی ہے، جبکہ حکومت صرف دعوؤں اور اعداد و شمار کی ہیر پھیر میں مصروف ہے۔ انہوں نے بیرونی قرضوں میں خطرناک حد تک اضافے پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ آنے والی نسلوں کو مقروض بنانے والی پالیسیاں قومی مفاد کے خلاف ہیں۔
فہیم خان نے فارم 47 کے ذریعے قائم کی گئی جعلی حکومت کو مکمل طور پر نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت عوام کا مینڈیٹ چرا کر اقتدار میں آئی ہے، اسی لیے نہ معیشت سنبھال سکی اور نہ ہی عوام کو ریلیف دے سکی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین، عمران خان کا سمیت تمام اسیران کی آزادی، آئین و قانون کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کی بحالی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
