سال نو کے جشن پر ممکنہ دہشت گردی کا خطرہ، پولیس اور رینجرز کا شہر بھر میں گشت شروع، اسنیپ چیکنگ جاری
سال نو کے جشن پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا، منچلوں کے باز نہ آنے کے امکان کے پیش نظراسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
سخت کارروائی کے انتباہ کے باوجود صدر میں واقع اسلحہ مارکیٹ میں گولیوں کی ریکارڈ خریداری، بغیر سائلنسر والی موٹرسائیکلوں اور ون ویلنگ کرنے والوںکو بھی وارننگ
تھانوں کے لاک اپ کی بھی صفائی کرالی گئی،سی ویو اور کلفٹن میں پریژن وین بھی موجود ، فیملیز سے بدتمیزی کرنے والے اوباش نوجوانوں کی خاطر تواضع کا بھی بندوبست
کراچی(کرائم رپورٹرO راﺅ عمران اشفاق) نیو ایئر نائٹ کے موقع پر ممکنہ دہشتگردی کے خدشے کے باعث شہر میں پولیس اور رینجرز کو ہائی الرٹ کیا گیاہے ‘ پہلی بار نیو ایئر نائٹ کو سی ویو پر جانیوالے راستوں پر پولیس نے رکاوٹیں کھڑ ی نہیں کیں جبکہ شہریوں کیلئے پولیس کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگایا جائے گا۔ نئے سال کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ کراچی پولیس چیف کے مطابق ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ دوسری جانب شہر کے اسپتالوں میں بھی ایمر جنسی نافذ کی گئی ہے ہر سال اندھی گولی لگنے سے 50 سے 100 شہری زخمی ہوکر اسپتال آتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے سوشل میڈیا پر بیانات اور میسج کے باوجود صدر میں واقع اسلحہ مارکیٹ میں گولیوں کی ریکارڈ خریداری ہوئی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق 30 بور’ نائن ایم ایم کی گولیاں زیادہ فروخت ہوئی۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کی فوٹیج بنائیں اور پولیس کوواٹس ایپ کریں اس سلسلے میں پولیس نے فون نمبر بھی جاری کیئے ہیں جس پر شہری فائرنگ کرنے والوں کی اطلاع دے سکتے ہیں۔ جبکہ نیو ایئر کے موقع پر بغیر سائلنسر والی موٹر سائیکل سواروں اور موٹر سائیکل ریس کرنے والو ں کے خلاف بھی پولیس کو سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ اور موٹر سائیکلوں کو ضبط کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پولیس نے کلفٹن ‘ درخشاں ‘ صدر ‘ فریئر ‘ آرٹلری میدان ‘ فیروز آباد ‘ شارع فیصل تھانے کے لاک اپ کی صفائی بھی کروائی ہے ‘ جبکہ شہریوں کی پریڑن وین بھی کلفٹن ‘ سی ویو اور ڈیفنس میں موجود ہوں گی۔ فیملیز سے بدتمیزی کرنے والے اوباش نوجوانوں کی خاطر تواضع کابندوبست بھی کیا گیا۔ ساحل سمندر پر پولیس کے گھڑ سوار دستے بھی گشت کریں گے۔جبکہ لیڈی پولیس اہلکار بھی متعین ہوں گی۔ ٹریفک جام کے دوران ملزمان کو پکڑ نے کیلئے پولیس کی اسٹیکنگ فورس کے اہلکار بھی موجود ہوں گے۔ پولیس نے سیکورٹی کیلئے خصوصی طورپر اضافی کیمرے بھی نصب کئے ہیں۔ صرف سی ویو کے ساحل پر 2500 سے زائد پولیس اہلکار جبکہ رینجرز کے جوان بھی ڈیوٹی دیں گے۔ تلاش ایپ کے ذریعے اسنیپ چیکنگ بھی کی جائے گی۔ اسلحے کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی