نام کی تبدیلی کے ساتھ ٹیم کی ویلیو اب ایک ارب پچاسی کروڑ روپے سے بڑھ کر دو ارب روپے سالانہ ہوگئی ہے

ملتان سلطانز کے کرکٹ فینز کے لیے خوشخبری ہے کہ پاکستان سپرلیگ میں ملتان سلطانز ٹیم کی نئے مالک کے ساتھ واپسی ہوگئی ہے۔
اس حوالے سے باقاعدہ اعلان سلمان نصیر، حمزہ مجید اور گوہر شاہ نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
سلمان نصیر اورحمزہ مجید نے واضح کیا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی منظوری سے سی ڈی وینچرز کے گوہر شاہ کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنر شپ ہوگئی ہے۔
گوہر شاہ چیف ایگزیکٹو ہوں گے اور ٹیم کا نیا نام اب ملتان سلطانز ہوگا، نام کی تبدیلی کے ساتھ اس کی ویلیو اب ایک ارب پچاسی کروڑ سے بڑھ کر دو ارب روپے سالانہ ہوگئی ہے۔
حمزہ مجید نے گوہر شاہ کے ساتھ شئیرنگ فارمولا کی تفصیلات خفیہ رکھتے ہوئے کہا کہ ان معاملات کو میڈیا میں نہ لانے پر بات ہوئی ہے، گوہر شاہ کا جذبہ اور جنون مجھ سے کہیں زیادہ ہے۔
سلمان نصیر کے مطابق گوہر شاہ نے سی ای او بننے کے بعد فرنچائز کانام تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
گوہر شاہ نے کہا کہ ملتان سلطانز کو خریدنے کے لیے دس سال بھی انتظار کرنا پڑتا تو ضرور کرتا تاہم خوش قسمتی سے اب اسی سال ہی یہ خواب پورا ہوگیا ہے۔ سیالکوٹ اسٹالینز فینز بھی ہمارے دل کے قریب رہیں گے۔
گوہر شاہ کے مطابق ٹیم سلیکشن سے مطمئن ہوں، اگلے سال جہاں ضروری ہوا ٹیم میں تبدیلیوں کا سوچیں گے۔ ہم نے اپنا کوچنگ اسٹاف بھی رکھا ہوا ہے جو بہترین کوچز پر مشتمل ہے۔
ملتان سلطانز کے فینز سے اپیل ہے کہ ان کی ٹیم ان کو واپس مل گئی ہے، خوشیاں منائیں اور بھرپور سپورٹ کریں۔
علی ترین کے ساتھ تعلقات کے سوال پر گوہر شاہ نے کہا کہ وہ ہمارے دوست ہیں، ان کو میچز دیکھنے کے لیے خوش آمدید کہیں گے۔ وہ بھی ملتان سلطانز کو بلندیوں پر دیکھنا چاہتے تھے ہماری بھی یہ ہی خواہش ہے۔
