
کراچی (24 فروری 2026): عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس میں مرکزی ملزم ارمغان کے نفسیاتی علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست مسترد کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے نفسیاتی علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
دوران سماعت ملزم ارمغان نے وکیل کی خدمات لینے سے انکار کر دیا، اور کہا میں بالکل ٹھیک ہوں یہ مجھے پاگل قرار دینا چاہتے ہیں، مجھے وکیل نہیں چاہیے، میں خود کیس لڑوں گا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے کہا آپ کے خلاف جو الزامات ہیں اس میں سزائے موت بھی ہو سکتی ہے، آپ کو کیس میں وکیل کرنا پڑے گا۔ سماعت کے بعد ملزم کے بیان پر عدالت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے کیس کی سماعت 26 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔
