
کراچی (پریس ریلیز): پاکستان مسلم لیگ فنکشنل پی ایس 127 کے جنرل سیکرٹری حافظ معین الدین نے اہلِ علاقہ کی اپیل پر محمدی گراؤنڈ کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے گراؤنڈ اور اطراف کی آبادی کو درپیش سنگین مسائل کا جائزہ لیا اور علاقہ مکینوں سے براہِ راست ملاقات کر کے ان کی شکایات سنی۔
اس موقع پر حافظ معین الدین نے کہا محمدی گراؤنڈ میں جاری کمرشل سرگرمیاں، منشیات فروش افراد کی بیٹھک اور اطراف کی بلند و بند دیواریں عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن چکی ہیں، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ گراؤنڈ کے چاروں طرف سیمنٹڈ بلاکس سے قلعہ نما دیواریں بنا دی گئی ہیں۔ پہلے سے موجود آمد و رفت کے دروازے بند ہو چکے ہیں۔ ہوا اور روشنی کی آمد بند ہونے سے علاقہ مکین شدید متاثر ہو رہے ہیں
حافظ معین الدین نے خاص طور پر محمدی کالونی گلی نمبر 1 کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ گلی اتنی تنگ ہے کہ ایک موٹرسائیکل بھی آسانی سے واپس نہیں مڑ سکتی، خدانخواستہ کسی ایمرجنسی، آگ لگنے یا بیماری کی صورت میں ایمبولینس یا ریسکیو اداروں کا پہنچنا ناممکن ہو گا، جو کہ ایک انسانی المیے کی طرف اشارہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل پی ایس 127 اہلِ علاقہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان شاءاللہ، عوامی مفاد میں ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا اور علاقے کو محفوظ و قابلِ رہائش بنانے کے لیے مؤثر آواز بلند کی جائے گی
