
جنگی حالات کے خاتمے تک پاکستان کو قطر سے ایل این جی نہیں ملے گی۔
قطر گیس نے پاکستان کو گیس کی عدم سپلائی بارے آگاہ کر دیا ہے۔ مارچ کیلئے قطر سے 8 ایل این جی کارگوز آنے تھے جس میں سے صرف 2 کارگوز آئے ہیں۔
ایل این جی کے بقیہ 6 کارگو 7-11-12-16-20 اور 21 مارچ کو آنے تھے۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق گیس کی فراہمی میں تعطل کے پیش نظر پاکستان کو موجود ایل این جی کی لوڈ مینجمنٹ کرنی پڑے گی، 20 سے21 مارچ تک لوڈ مینخمنٹ کرکے ایل این جی دستیاب رہ سکتی ہے۔
پاکستان میں صنعتی سیکٹر سمیت دیگر شعبوں کو ایل این جی سپلائی متاثر ہو گی۔
حکومت نے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی اور غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر ملک میں توانائی کی بچت کیلیے اہم فیصلہ کر لیا
اس متعلق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں توانائی کی بچت کیلیے قومی ایکشن پلان بنانے اور وفاق، صوبے اور آزاد کشمیر حکومت سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا گیا
اجلاس میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور شپنگ روٹس کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
شرکا کو بتایا گیا کہ ایل این جی اور ایل پی جی سپلائی چین کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔
اجلاس میں متبادل سپلائی روٹس اور دوست ممالک سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ریڈ سی اور گلف کی بندرگاہوں کے ذریعے توانائی درآمدات پر غور کیا گیا۔ ریفائنری آپریشنز کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلیے اقدامات کی ہدایت کی گئی جبکہ توانائی بچت اقدامات قومی ہنگامی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور ڈائیورژن روکنے کیلیے سخت ہدایات کی گئیں۔
