
اسلام آباد(21 فروری 2026): وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال پر تاریخی ویب سیریز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی حیات و خدمات پر مبنی عالمی معیار کی تاریخی ویب سیریز تیار کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔
اجلاس میں ملک کے ممتاز میڈیا ہاؤسز، پروڈیوسرز، ہدایت کاروں اور تخلیقی شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات کو محض رسمی تقاریب تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے قومی تجدید اور فکری احیاء کا سنگِ میل بنایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بامقصد کہانی سنانا قوم سازی کا ایک طاقتور ذریعہ ہے اور نوجوان نسل کو قیامِ پاکستان کے نظریاتی سفر، آئین پسندی اور قومی اقدار سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ قائداعظم کی آئینی جدوجہد اور علامہ اقبال کے فکری وژن کو عالمی بیانیے کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ دنیا کو پاکستان کے نظریاتی ورثے اور فکری گہرائی سے روشناس کرایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخی ڈرامے سافٹ پاور اور ثقافتی سفارتکاری کا مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں اور پاکستان اپنی مثبت عالمی شناخت کو مضبوط بنانے کے لیے تخلیقی صنعت کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دے گا۔
وزیر منصوبہ بندی نے اعلان کیا کہ حکومت عالمی معیار کی پروڈکشن کے لیے 50 کروڑ روپے تک سیڈ فنڈنگ فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ مصنفین اور پروڈیوسرز کے لیے علمی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ تاریخی تحقیق، مستند مواد اور فکری گہرائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیق پر مبنی اور عالمی معیار کی تاریخی پروڈکشنز تیار کی جائیں گی اور قومی ورثے کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔
اجلاس میں قومی تاریخ کو سافٹ پاور میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا اور تخلیقی صنعت کو ریاستی سرپرستی کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی مارکیٹس میں پاکستانی تاریخی مواد کی مؤثر نمائندگی کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے اور پاکستان کے اپنے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے قیام کی ضرورت پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ قومی ہیروز کے افکار کو نوجوان نسل کے لیے قابلِ فہم اور متاثر کن انداز میں پیش کیا جائے گا اور ڈرامہ و ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان کی نظریاتی اساس کو مزید تقویت دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سالہ تقریبات کو قومی تعمیرِ نو اور فکری تجدید کے آغاز کے طور پر منایا جائے گا تاکہ پاکستان کا فکری ورثہ عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر ہو سکے۔
