
کراچی : شہر قائد میں آج شام 7 بجے سے چاند رات تک شہر کے تمام بڑے اسٹورز، شاپنگ سینٹرز اور تجارتی مراکز کے باہر رکشہ، ٹیکسی اور دیگر کمرشل گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
تفصیالت کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس نے عید کی خریداری کے دوران شہر میں بدترین ٹریفک جام سے بچنے کے لیے ہنگامی ٹریفک پلان کا اعلان کر دیا ہے۔
پلان کے مطابق آج شام 7 بجے سے چاند رات تک شہر کے تمام بڑے اسٹورز، شاپنگ سینٹرز اور تجارتی مراکز کے باہر رکشہ، ٹیکسی اور دیگر کمرشل گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
طارق روڈ و بہادر آباد میں اللہ والی چورنگی سے اتحاد سگنل اور بہادر آباد تک رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ بند ہوگا ، کمرشل گاڑیاں اللہ والی سے نورانی، میڈیکیر اور شہیدِ ملت روڈ استعمال کر سکیں گی۔
اس کے علاوہ مین راشد منہاس روڈ اور پل کے نیچے رکشہ، ٹیکسی اور کمرشل گاڑیوں پر پابندی ہوگی۔ ڈرگ روڈ سے آنے والا ٹریفک پل کے اوپر سے نیپا کی جانب جا سکے گا۔
فوارہ چوک سے جی پی او، سنگر چوک سے زیب النساء اسٹریٹ اور تبت چوک سے جامع کلاتھ تک رکشہ اور ٹیکسی نہیں جا سکیں گے۔
نارتھ کراچی سے حیدری آنے والے کمرشل ٹریفک کو متبادل راستوں پر بھیجا جائے گا، جبکہ شارع نورجہاں سے نارتھ کراچی کا راستہ استعمال ہوگا۔
رش کی صورت میں کلفٹن برج سے تین تلوار کا راستہ استعمال ہوگا، جبکہ کے پی ٹی انڈر پاس سے آنے والے باتھ آئی لینڈ کے ذریعے کلفٹن برج جا سکیں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے پولیس افسران کے لیے نیا روسٹر جاری کر دیا ہے، جس کے تحت افسران اور اسٹاف روزانہ شام 7 بجے سے تمام تجارتی مراکز پر اپنی ڈیوٹی سنبھالیں گے۔ ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو خریداری میں آسانی ہو۔
