
کراچی(یکم مارچ 2026): ممتاز مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج عالمِ اسلام اپنے ایک عظیم رہبر، مرشد اور مدبر رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔
اپنے ایک خصوصی بیان میں علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ دشمن یہ سمجھ رہا ہے کہ قائد کے جانے سے قیادت اور جدوجہد ختم ہو جائے گی، لیکن ایرانی قوم اور عالمِ اسلام کے لیے پیغام ہے کہ وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔
انہوں نے صیہونی سازشوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پڑوس کے مسائل اور بیرونی سازشوں کی وجہ سے پاکستان کی سرحدوں پر بدامنی ہے اور ملک میں دہشت گردی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
علامہ شہنشاہ نقوی نے اعلان کیا کہ نمائش چورنگی پر پرامن انداز میں مجلسِ عزا کا اہتمام کیا جائے گا، عزاداران نمائش چورنگی سے حسینیہ ایرانیان کھارادر تک پرامن مارچ کریں گے۔
امریکی قونصل خانے کے باہر پیش آنے والے پرتشدد واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے لیے دعاگو ہوں اور جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو صبر کی تلقین کرتا ہوں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ باہمی اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بناتے ہوئے اپنے غم کا اظہار کریں اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔
