
سندھ حکومت نے کراچی میں شہریوں کی تفریح کے لیے ‘ڈرائیو ان سینیما’ کو ایک بار پھر بحال کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے؛ صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں طے پایا کہ موجودہ کفایت شعاری مہم کے بعد سیاحت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے جائیں گے، جن میں کراچی سے سکھر تک ٹرین سفاری کا تیسرا مرحلہ اور کینجھر جھیل پر فیری سروس و واٹر اسپورٹس کا آغاز شامل ہے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد کی آرٹس کونسلز کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ خیرپور ناتھن شاہ، مورو اور کشمور کی پبلک لائبریریاں جلد عوام کے لیے کھول دی جائیں گی؛ ترجمان کے مطابق حکومت نے گورکھ ہل اسٹیشن پر ‘گورکھ فیسٹیول’ منعقد کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کو نئی جلا بخشی جا سکے۔
