
کراچی(26 فروری 2026): محکمہ موسمیات نے کہا ہےکہ رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن 3 مارچ کو ہوگا۔
سال 2026 کا پہلا مکمل چاند گرہن 3 مارچ کو ہونے جا رہا ہے، جس کے دوران چاند زمین کے سائے میں چھپنے کے باعث سرخ رنگ کی روشنی سے منور ہو جائے گا۔ فلکیاتی ماہرین کے مطابق اس خوبصورت منظر کو ‘بلڈ مون’ بھی کہا جاتا ہے۔
پاکستان میں چاند گرہن کا آغاز دوپہر 1 بج کر 44 منٹ پر ہوگا، جبکہ 2 بج کر 50 منٹ پر چاند کو باقاعدہ گرہن لگنا شروع ہوگا۔ مکمل چاند گرہن شام 4 بج کر 05 منٹ پر ہوگا اور یہ شام 4 بج کر 34 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا۔
گرہن کے ختم ہونے کا عمل شام 5 بج کر 03 منٹ پر شروع ہوگا اور رات 7 بج کر 23 منٹ پر گرہن مکمل طور پر ختم ہو جائے گا، یہ چاند گرہن آسٹریلیا، شمالی و جنوبی امریکا اور دنیا کے مختلف خطوں میں واضح دیکھا جا سکے گا۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں چاند گرہن کے وقت دن کی روشنی ہونے کے باعث اسے جزوی طور پر ہی دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مکمل چاند گرہن یا ‘بلڈ مون’ اس وقت ہوتا ہے جب زمین، سورج اور چاند کے عین درمیان آ جاتی ہے۔ زمین کا سایہ چاند پر پڑنے سے سورج کی براہِ راست روشنی چاند تک نہیں پہنچ پاتی، تاہم زمین کے ماحول سے گزرنے والی کچھ شعاعیں چاند کو سرخ یا نارنجی رنگ دے دیتی ہیں۔
ماہرینِ فلکیات نے واضح کیا ہے کہ چاند کا سرخ دکھائی دینا ایک خالص قدرتی فلکیاتی عمل ہے اور اس کا کسی غیر معمولی یا خطرناک تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
