
واشنگٹن (28 فروری 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ تمام ایرانی فورسز ہتھیار ڈال دیں ورنہ انھیں موت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایران پر اسرائیل امریکا مشترکہ حملے کے بعد میڈیا بریفنگ میں امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب گارڈ ہتھیار ڈال دیں ورنہ موت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ نے کہا تمام ایرانی فورسز، پولیس اور دیگر اداروں کو کہتا ہوں کہ ہتھیار ڈال دیں، ہتھیار ڈال دیں گے تو استثنیٰ ملے گا ورنہ موت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ طویل ڈیل کرنے کی بہت کوشش کی، اب ہم ایران پر ہر طرف سے بمباری کریں گے، یہ بچنے کا آخری موقع ہے۔ دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ایران کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور ہم ایران کی بحریہ کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کچھ دیر قبل امریکی افواج نے ایران کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد ایرانی حکومت سے آنے والے خطرات کو کم کر کے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا نہ رکھنے دیں گے، اس نے جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی، اور وہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تیار کر رہا تھا جو امریکا اور دوسروں کے لیے خطرہ ہیں۔ انھوں نے مزید کہا ہم ایران کے میزائل اور میزائل انڈسٹری تباہ کر دیں گے، ہم ایران کی بحریہ کو ختم کرنے جا رہے ہیں، ہم یقینی بنائیں گے کہ ایران دوبارہ کبھی جوہری ہتھیار نہ بنا سکے۔
