ایرانی قوم نے جنگ میں جرات کا مظاہرہ کیا، شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار ایران نے کھلے دل سے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ ایران نے صدر، فیلڈ مارشل اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان نے بھرپور اور مستقل انداز میں ایران کی حمایت کی، اللہ کا شکر ہے ایران اور اسرائیل جنگ ختم ہوگئی، ایران اسرائیل جنگ بندی خوش آئند ہے، ایرانی قوم نے جنگ میں جرات کا مظاہرہ کیا، جنگ رکوانے میں سعودی عرب نے اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ پر بہت زیادہ محنت کی گئی۔ وزیر خزانہ اور اُن کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو، خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور دیگر اتحادیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تمام اتحادیوں سے درخواست ہے کہ ایوان سے بجٹ کی منظوری کے لیے تندہی سے کام کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کیخلاف کاری ضرب لگائی، پاک فوج عظیم قربانیاں دے رہی ہے، ہم دشمن کے خلاف جنگ جیتیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران اراکین پارلیمنٹ کی تجاویز کو فنانس بل کا حصہ بنانے پر کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا ۔ پیٹرولیم لیوی متعین کرنے کا اختیار پیٹرولیم ڈویژن کو دینے کی منظوری دے دی گئی ۔
وفاقی کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بھی اعتماد میں لیا گیا ۔ فنانس بل اور بجٹ ترامیم پر بھی غور ہوا ۔ کابینہ کا سیاسی اور عسکری قیادت کو جنگوں میں مثبت کردار پر خراج تحسین پیس کیا گیا اور وزیراعظم اور فیلڈمارشل کے کشیدگی کے دوران اور بعد میں زبردست کردار کی ستائش کی گئی۔
کابینہ کا ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، اور جنگی صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔
