بی آئی ایس پی کا جاں بحق خواتین کے لیے 10 لاکھ، زخمی کے لیے 3 لاکھ امداد کا اعلان


رحیم یار خان (16 مارچ 2026): رحیم یارخان میں ریٹیلر شاپ کی چھت گرنے سے 8 خواتین جاں بحق، 75 زخمی ہو گئیں، خواتین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم لینے آئی تھیں، حادثے کے بعد شیخ زید اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے رحیم یار خان حادثے پر سخت ایکشن کا فیصلہ کیا ہے، اور جاں بحق خواتین کے لیے 10 لاکھ، جب کہ زخمی خواتین کے لیے 3 لاکھ امداد کا اعلان کر دیا ہے۔

رحیم یار خان میں منٹھار روڈ چک 123 پی میں دکان کی چھت گرنے سے یہ حادثہ پیش آیا ہے، واقعے میں جاں بحق خواتین کی تعداد 8 ہو گئی ہے جب کہ 75 افراد زخمی ہوئے ہیں، ریسکیو کے مطابق زخمیوں میں 1 مرد سمیت 74 خواتین شامل ہیں، واقعے میں دکان کی چھت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی خواتین کی 6 ڈیڈ باڈیز شیخ زید اسپتال منتقل کی گئیں، جب کہ دو خواتین کی لاشیں اہل خانہ کے اصرار پر گھر منتقل کی گئیں۔

ترجمان بی آئی ایس پی نے ایک بیان میں کہا کہ جاں بحق خواتین کی اہل خانہ اور زخمیوں کو امدادی ادائیگیاں کل تک کر دی جائیں گی، جب کہ حادثے کی تحقیقات بھی کرائی جائیں گی۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور تحقیقاتی کمیٹی رحیم یارخان روانہ ہو گئی ہے، ترجمان کے مطابق یہ کمیٹی 24 گھنٹوں میں تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔

ترجمان نے کہا تحقیقاتی کمیٹی واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرے گی، ممکنہ غفلت کے پیش نظر پارٹنر بینک کو نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے، اور اس پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*