وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ڈیل دینے کا معاملہ زیر غور نہیں۔
لندن میں پاکستان ہائی کمیشن آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت کو ملکی معاملات پر مل کر بیٹھنا چاہیے، مذاکرات سے ہی راستہ نکلتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجلی کے مسئلے پر حکومت کوشش کر رہی ہے کہ بلز میں کمی لائی جاسکے۔ آئی پی پیز کو دیے جانے والے پیسوں سے جان چھڑانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 2017 میں نیا پروجیکٹ لانچ کر کے ملکی حالات خراب کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے نظام میں تبدیلی لا کر ہی اولمپکس میں تمغے حاصل کرنا ممکن ہوگا۔ فیڈریشنز میں 12، 12 سال سے بیٹھے لوگوں کی کارکردگی کچھ نہیں۔
رانا ثنااللّٰہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور تیس مار خان ہیں، وزیراعلیٰ کے پی کے بیانات کچھ اور ہوتے ہیں اور میٹنگز میں مؤقف مختلف ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن معاملات میں کے پی کو وفاق کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے ان میں تعاون ہو رہا ہے۔