
کراچی (کرائم رپورٹر)
عیدالفطر کی مناسبت سے ایس ایس پی انوسٹی گیشن کیماڑی مسرور احمد جتوئی نے شہدائے پولیس کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ان کے گھروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی نے شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد آصف اور شہید کانسٹیبل سعادت خان کے گھروں پر جا کر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد آصف نے 2009 میں جبکہ کانسٹیبل سعادت خان نے 2014 میں وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ پولیس افسران کی جانب سے شہداء کے اہل خانہ کو عید کے تحائف پیش کیے گئے اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی مسرور احمد جتوئی کا کہنا تھا کہ شہدائے پولیس ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں، جن کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ محکمہ سندھ پولیس ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
