اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں سے ناروا سلوک کے خلاف پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کا بھرپور احتجاج

اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں سے ناروا سلوک کے خلاف پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کا بھرپور احتجاج

کراچی کے تمام اضلاع میں پُرامن مظاہرے، عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ

کراچی پریس کلب کے باہر کارکنان کی گرفتاری، پی ٹی آئی کی شدید مذمت

آئین اور بنیادی حقوق کی پامالی کسی صورت قبول نہیں، راجہ اظہر

کراچی(پریس ریلیز تاریخ 19 دسمبر)پاکستان تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کی جانب سے اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں کے ساتھ ہونے والے ظلم، جبر اور فسطائیت کے خلاف کراچی کے تمام ساتوں اضلاع میں پُرامن احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مظاہروں میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے قائد عمران خان اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ مظاہرین کا متفقہ مطالبہ تھا کہ امتِ مسلمہ کے عظیم رہنما عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور سیاسی انتقام پر مبنی تمام کارروائیاں بند کی جائیں۔

کراچی میں ہونے والے احتجاج میں پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر راجہ اظہر،، سینیئر نائب صدر فہیم خان، انفارمیشن سیکریٹری فوزیہ صدیقی سمیت دیگر ڈویزنل و ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی اور کارکنوں کے حوصلے بلند کیے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ان کی بہنوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ آئینِ پاکستان اور بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی بھی ہے۔

کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے 12 سے زائد پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لیا گیا، جس پر پارٹی قیادت اور وکلاء نے فوری طور پر قانونی اقدامات کیے۔ پی ٹی آئی کے وکلاء کی مداخلت کے بعد تمام گرفتار کارکنوں کو مختلف تھانوں سے رہا کروا لیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں نے کارکنوں کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے اس اقدام کی شدید مذمت کی۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر نے کہا کہ سندھ پولیس فسطائیت پر اتر آئی ہے، پُرامن احتجاج ہر پاکستانی شہری کا آئینی حق ہے مگر جب پی ٹی آئی اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی ہے تو دفعہ 144 اور رکاوٹیں سامنے آ جاتی ہیں، جبکہ حکمران جماعت کو بڑے بڑے اجتماعات کی کھلی اجازت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کا یہ دوہرا معیار ناقابلِ قبول ہے اور عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔

راجہ اظہر نے مزید کہا کہ قوم کے عظیم لیڈر عمران خان اور ان کی فیملی کے ساتھ ظلم و زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عمران خان کو جھکانے کے لیے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں، انہیں جیل میں قیدِ تنہائی میں رکھنا آئین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں، پارٹی قیادت اور کارکنوں پر پولیس گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پوری دنیا میں عالمِ اسلام کا جرات مندانہ دفاع کیا، اسی جرات کی سزا انہیں جھوٹے اور من گھڑت مقدمات کی صورت میں دی جا رہی ہے، مگر ایسے ہتھکنڈوں سے عمران خان کو نہ جھکایا جا سکتا ہے اور نہ ہی حقیقی آزادی کی جدوجہد روکی جا سکتی ہے۔ عمران خان اس ملک اور قوم کے حقوق کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں، اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی قائم ہوگی اور کرپٹ مافیا اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔

جاری کردہ پی ٹی آئی کراچی ڈویزن۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*