
اسلام آباد : آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول کی قیمت 73 روپے اضافے سے 394 روپے تک پہنچنے کی خبروں کی تردید کردی۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان اوگرا نے واضح کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 73.40 روپے اور ڈیزل میں 84.95 روپے فی لیٹر اضافے کی کوئی بھی سمری وزیراعظم ہاؤس کو ارسال نہیں کی گئی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان جھوٹی اور من گھڑت خبروں پر کان نہ دھریں، کیونکہ ایسی افواہیں معاشرے میں ہیجان اور بے چینی پھیلانے کے لیے دانستہ طور پر پھیلائی جا رہی ہیں۔
یہ تردید ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان اپنی ضرورت کا 60 فیصد پیٹرول درآمد کرتا ہے، جس کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کا براہِ راست اثر مقامی قیمتوں پر پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو ہی حکومت نے عالمی مارکیٹ کے دباؤ کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر کا ریکارڈ اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 321.17 روپے اور ڈیزل 335.86 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قیمتوں کا تعین باقاعدہ سرکاری طریقہ کار کے تحت کیا جاتا ہے اور اس حوالے سے کسی بھی فیصلے کی اطلاع صرف سرکاری ذرائع سے ہی دی جائے گی۔
