آصف زرداری نے کراچی کی صورتحال پر پارٹی قیادت کی سخت کلاس لے لی، نتائج کیلئے 3 ماہ کی ڈیڈلائن

کراچی : صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی کی صورتحال پر پارٹی قیادت کی سخت کلاس لے لی اور فوری نتائج نہ آنے پر برہمی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبرمیں سینئر اینکر محمد مالک نے پیپلز پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی بیان کردی۔

ذرائع نے بتایا کہ صدر زرداری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی قیادت کی سخت سرزنش کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو اجلاس میں سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔

سینئر اینکر نے بتایا کہ صدر زرداری نے کراچی کا دیگر شہروں خصوصاً لاہور سے موازنہ اور میڈیا تنقید پر شدید ناراضی ظاہر کی۔

صدر زرداری نے سوال کیا کہ بتائیں پیسے، اختیارات کس چیزکی کمی ہے، تین ماہ کے اندر عوامی شکایات میں واضح کمی اور زمینی سطح پر فرق نظر آنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں سڑکیں تاخیر سے بنتی ہیں تو محسن نقوی سے پوچھ لیں انڈرپاس ساٹھ روز میں کیسے بنتا ہے، مجھے کراچی میں اسلام آباد کی طرح کی سڑکیں چاہیئیں، ترقیاتی کاموں میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں۔

اجلاس میں گورنر ہاؤس میں ہونے والی کراچی کانفرنس پر بھی ناراضی کا اظہار کیا گیا اور گورنر کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نئے صوبے سے متعلق کسی بھی بحث کو مسترد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں گے اور کارکردگی کی سخت نگرانی کی جائے گی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*