
اسلام آباد (23 مارچ 2026): یوم پاکستان پر صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اتحاد ویکجہتی اور ترقی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 86 ویں یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام پیغام میں قیامِ پاکستان کے لیے بزرگوں کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور اس کے ساتھ اتحاد و یکجہتی اور ترقی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1940 میں آج کے دن ہی برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد وطن کے قیام کی بنیاد رکھی تھی۔ قیام پاکستان کے بعد قوم نے بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا لیکن محنت، صلاحیت اور باہمی تعاون سے مشکلات پر قابو پایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم نے قیام پاکستان کے بعد غیرمعمولی عزم کا مظاہرہ کیا اور ملک کو جوہری طاقت بنایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔ مسلح افواج ملک کی خود مختاری اور دفاع کیلیے پر عزم ہیں۔ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کا سفر جاری رہے گا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے۔ ہم اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان اپنی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلیے پرعزم ہے۔
