
کراچی: ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈینٹل کالج کی طالبات سے بس میں لوٹ مار کرنے والے تینوں ملزمان کو 72 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان محمد سمیر، امجد اور شہاب الدین کو لائنز ایریا کی حدود سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمان نے ڈینٹل کالج کی بس میں سوار ہو کر 4 طالبات سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی تھی۔ واقعے کا نوٹس وزیر داخلہ سندھ، آئی جی اور ڈی آئی جی ایسٹ نے لیا تھا، جس پر ایس ایچ او فیروز آباد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 پستول، 2 موبائل فون، طالبات کے بیگز اور کتابیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے جو واردات میں استعمال ہوئی تھی۔
ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ آئی جی سندھ نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او فیروز آباد اور ان کی ٹیم کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو ڈینٹل کالج کی بس میں گھس کر طالبات سے دیدہ دلیری کے ساتھ لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا۔
