
کراچی (19 مارچ 2026): شہر قائد میں گزشتہ شب ہونے والی طوفانی بارش سے مختلف حادثات کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔
شہر میں بدھ کی شب تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ 97 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے چھتیں اڑا دیں، دیواریں گر گئیں، کھمبے اور درخت اکھڑ گئے۔
بارش کے دوران سب سے افسوسناک حادثہ بلدیہ مواچھ گوٹھ میں ہوا، جہاں بارش کے دوران طوفانی ہوا سے دیوار گر گئی، جس کے نتیجے میں 13 افرادچل بسے۔ ڈی سی کیماڑی نے بتایا جاں بحق افراد بارش سےبچنے کیلیے دیوار کے ساتھ کھڑے تھے۔
قائد آباد میں مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔ لانڈھی، یار محمد گوٹھ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ کورنگی پانچ نمبر میں تسلیم گراؤنڈ کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص چل بسا۔
کورنگی ساڑھے تین نمبر کے قریب گھر کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق جب کہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ بھینس کالونی پیرانو گوٹھ میں چھت گرنے سے چار سالہ بچی جاں بحق ہوئی۔ ملیر چار نمبر بھینس کالونی میں باڑے کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کلفٹن میں درخت گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔ پی ای سی ایچ ایس میں اسپتال کی دیوار گاڑیوں پر آ گری۔ کلفٹن میں درخت گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے، مچھر کالونی میں مکان کی چھت گر گئی۔
طوفانی بارش کے باعث سول ایوی ایشن نے لائٹ ویٹ سیسنا طیاروں کو پرواز سے روک دیا جب کہ کراچی ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن رک گیا۔
