
کراچی : سندھ کابینہ میں سعید غنی سے بلدیات کا قلمدان واپس لے کر ناصر حسین شاہ کو سونپنے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ صوبائی وزیر محنت شاہد تھہیم کو عہدے سے ہٹانے کا بھی فیصلہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ میں اہم ردوبدل کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے تحت کئی اہم وزارتوں اور محکموں کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے۔
ذرائع نے کہا کہ صوبائی وزیر سعید غنی سے بلدیات کا محکمہ واپس لے کر ناصر حسین شاہ کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ سعید غنی کو محنت اور سوشل پروٹیکشن کی وزارت دی جائے گی۔
اس کے علاوہ جام خان شورو کو محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا اضافی چارج دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر محنت شاہد تھہیم کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اسماعیل راہو کو صوبائی وزیر بنایا جائے گا۔
محکمہ خوراک کا قلمدان بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ معاون خصوصی جبار خان سے محکمہ خوراک واپس لے کر صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزمان کے سپرد کیا جائے گا جبکہ جبار خان کو محکمہ ریلیف دیا جائے گا۔
اسی طرح اسماعیل راہو کو محکمہ یونیورسٹی بورڈ کا قلمدان دیا جائے گا اور شام سندر کو معاون خصوصی بنایا جائے گا جبکہ معاون خصوصی علی راشد کو محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
اسماعیل راہو آج سہ پہر چار بجے حلف اٹھائیں گے اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نئے وزیر سے حلف لیں گے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ میں یہ ردوبدل وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد عمل میں لایا جا رہا ہے۔
