کراچی کو 3360 ارب روپے سے محروم رکھنا بدترین معاشی ناانصافی ہے: راجہ اظہر

کراچی(پریس ریلیز تاریخ 2 ستمبر 2025) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر راجہ اظہر نے کہا ہے کہ پچھلے 15 سالوں میں سندھ حکومت نے کراچی کے ساتھ مسلسل معاشی ناانصافی کی ہے اور شہر کو 3360 ارب روپے کے جائز حق سے محروم رکھا گیا۔ اگر یہ رقم کراچی پر خرچ کی جاتی تو آج شہر کی روشنیاں بحال ہوچکی ہوتیں اور عوام کو بنیادی سہولیات میسر آتیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس سال کراچی کو اس کا جائز حصہ یعنی 880 ارب روپے ملے تو چند برسوں میں شہر کے بیشتر مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ کراچی کی آبادی کے مطابق صرف 90 ارب روپے، سندھ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 377 ارب روپے، جی ایس ٹی شیئر میں 222 ارب روپے اور آئی ڈی سی کی مد میں 200 ارب روپے کراچی کو ملنے چاہئیں، مگر بدقسمتی سے موجودہ سندھ حکومت نے کراچی کے لئے محض 8 ارب روپے رکھے ہیں جو کہ عوام کے ساتھ سراسر مذاق ہے۔
راجہ اظہر نے کہا کہ پچھلے 17 برسوں میں سندھ حکومت کو 30789 ارب روپے بجٹ ملا، جس میں سے 10950 ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگیاں ہوئیں۔ کراچی 97 فیصد ریونیو سندھ کو دیتا ہے، مگر اس کے عوام کو سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ کراچی کے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے 200 ارب روپے جاری کئے جائیں اور تمام ترقیاتی کام غیر جانبدار اداروں کے ذریعے کروائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے تین بڑے نالے گجر نالہ، محمود آباد نالہ اور اورنگی نالہ سمیت دیگر چھوٹے نالے بارش کے پانی کے اخراج کے لئے ہیں، لیکن ان میں سیوریج کی لائنیں ملا دی گئی ہیں، جس کی وجہ سے بارش کے پانی کی نکاسی کا نظام ناکارہ ہو گیا ہے۔ بارش کے بعد ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کا فوری سروے کیا جائے اور ذمہ دار افسران، ٹھیکیداروں اور عوامی نمائندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
راجہ اظہر نے انکشاف کیا کہ کراچی کو کچرے کا قبرستان بنا دیا گیا ہے۔ اربوں روپے صفائی کی مد میں ہڑپ کرلئے گئے، لیکن نتیجہ یہ نکلا کہ کراچی آج بھی ہزاروں ٹن کچرے میں دبا ہوا ہے۔ کراچی میں روزانہ 12 سے 16.5 ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے، جس میں سے صرف 8.5 سے 9 ہزار ٹن اُٹھایا جاتا ہے جبکہ باقی 6 سے 8 ہزار ٹن روزانہ سڑکوں اور گلیوں میں جمع رہتا ہے۔
راجہ اظہر نے واضح کیا کہ کراچی کے عوام مزید ناانصافی برداشت نہیں کریں گے۔ شہر کے وسائل کراچی پر ہی خرچ ہونے چاہئیں اور جو بھی افسران، ٹھیکیدار یا عوامی نمائندے اس بدعنوانی اور غفلت میں ملوث ہیں ان کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔
جاری کردہ
*فوزیہ صدیقی*
*سیکریٹری اطلاعات*
*پی ٹی آئی کراچی ڈویژن*
