دہشت گردی کے معاملے پر کوئی ابہام نہیں، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی جاری رکھے گا اور افغانستان کو صاف الفاظ میں بتا دیا ہے کہ اسے خارجی عناصر یا پاکستان میں سے کسی ایک کو ترجیح دینا ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ بنوں کا دورہ کیا، جہاں سیکیورٹی کی صورتحال پر اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کی۔
اس کے علاوہ انہوں نے جنوبی وزیرستان آپریشن میں شہید ہونے والے 12 جوانوں کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر کسی قسم کا ابہام یا کمزوری نہیں دکھائی جائے گی۔
پاکستانی عوام، ریاست اور مسلح افواج دشمن کے عزائم کے خلاف متحد ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو لوگ خارجی یا بھارتی پراکسی گروہوں کی سہولت کاری کریں گے، انہیں بھی وہی جواب دیا جائے گا جو دہشت گردوں کو دیا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے فوری انتظامی اور قانونی اقدامات کیے جائیں۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق حالیہ حملوں میں ملوث دہشت گرد گروہوں کے سرغنہ اور سہولت کار افغانستان میں موجود ہیں، جنہیں بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے۔
