
کراچی کے علاقوں تین ہٹی اور سرجانی میں لیاری ندی سے تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی واٹر ریسکیو ٹیم ایمبولینس اور خصوصی گاڑی کے ساتھ موقع پر پہنچی اور سرچ آپریشن شروع کیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران ندی سے دو لاشیں نکال کر جناح اسپتال منتقل کی گئیں۔ اس سے قبل سرجانی کے قریب بھی لیاری ندی سے ایک شہری کی لاش برآمد ہوئی تھی۔
یوں صرف تین گھنٹوں کے دوران تین افراد کی لاشیں ندی سے نکالی جا چکی ہیں، جبکہ مزید سرچ آپریشن جاری ہے۔
