ایران نے پاکستان اور افغانستان کو ثالثی کی پیشکش کردی

تہران(27 فروری 2026): ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے تمام اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری اپنے ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ رمضان المبارک تحمل، برداشت اور یکجہتی کا مہینہ ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ پاکستان اور افغانستان کو اچھے پڑوسیوں کی طرح اپنے مسائل باہمی بات چیت سے حل کرنے چاہئیں۔

ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعمیری مذاکرات کے لیے ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات کے ذریعے دونوں ممالک باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ دے کر خطے میں استحکام لا سکتے ہیں۔

واضح رہے پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان کا آپریشن غضب للحق جاری ہے، پاک افواج کے حملوں میں افغان طالبان کے 133 کارندے ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ 27 افغان چوکیاں بھی مکمل تباہ کر دی گئیں۔

دوسری جانب طالبان حکومت کے ترجمان نے کابل، پکتیا اور قندھارپربمباری کی تصدیق کردی، افغان میڈیا کے مطابق رات تقریباً ایک بج کر 50 منٹ پر کابل میں طالبان کے ایک فوجی مرکز کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

افغان میڈیا نے بتایا کہ صوبے پکتیا میں طالبان منصوری کور پردو مرتبہ بمباری کی گئی۔ افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ رات 12 بجے کے بعد قندھار میں پاکستانی طیارہ پرواز کرتا ہوا دیکھا گیا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*