اب پی ایس ایل کا گانا بنانا پیسے کا ضیاع ہے: عاقب جاوید

پاکستان سپر لیگ میں سنسنی خیز مقابلوں کے علاوہ شائقینِ کرکٹ کو جس چیز کا بے صبری سے انتظار ہوتا ہے وہ پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ہوتا ہے جو ہر سال ایونٹ سے کچھ دن قبل ریلیز کیا جاتا ہے۔

لیکن لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے پی ایس ایل اینتھم کی مخالفت کی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ اب ایسی تشہیری مہم کی ضرورت نہیں،  پیسہ ضائع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے آغاز میں ایونٹ کی تشہیر کے لیے گانا ضروری تھا لیکن اب پی ایس ایل میں لوگ بابراعظم اور  شاہین آفریدی سمیت کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ کرکٹرز سے بڑا کوئی اسٹار نہیں، اب لوگ میچ سے پہلے سنگرز کو نہیں دیکھنا چاہتے۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ جس طرح کا گانا گزشتہ برس بنا اس سے کیا تشہیر ہو ئی، اس لیے میرے خیال میں گانا بنا کر پیسہ ضائع نہیں کرنا چاہیے، پی ایس ایل کا ایک ہی گانا رہنا چاہیے ، ہم نے بھی کئی گانے بنائے لیکن جو پہلے مقبول ہوا اس جیسا کوئی دوسرا مقبول نہیں ہوا، اس لیے جو گانا مقبول ہو اسے رہنے دینا چاہیے۔