ہمایوں سعید نیٹ فلیکس کے مقبول ترین شو کا حصہ بننے جارہے ہیں؟

پاکستانی اداکار ہمایوں سعید کے متعلق اطلاعات ہیں کہ وہ نیٹ فلیکس کے مقبول ترین شو ’دی کراؤن‘ میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

اس حوالے سے معروف میزبان واسع چوہدری نے اپنے ایک پیغام میں اداکار ہمایوں سعید کے ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے کے حوالے سے بتایا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ اداکار ہمایوں سعید پاکستانی شوبز انڈسٹری کے وہ پہلے اداکار ہوں گے جو کہ  او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’نیٹ فیلکس‘ کے ساتھ کام کریں گے۔

واسع چوہردی کے بیان کے مطابق اداکار ’دی کراؤن‘ میں معروف پاکستانی نژاد برطانوی سرجن حسنات خان کا کردار ادا کریں گے۔

اس حوالے سے اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے ایک پیغام جاری کیا ہے۔

اداکارہ نے لکھا ہے کہ مذکورہ کردار اداکار ہمایوں سعید سے زیادہ بہتر کوئی نہیں ادا کرسکتا ہے اور میں انہیں اس کردار میں دیکھنے کے لئے بہت بےتاب ہوں۔

خیال رہے کہ اس سے متعلق اداکار ہمایوں سعید کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے تاہم دیگر شوبز شخصیات نے دل کھول کر اداکار کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ نیٹ فلیکس کے شو ’دی کراؤن‘ کی کہانی برطانوی شاہی خاندان پر مبنی ہے جس میں شہزادی ڈیانا کا کردار آسٹریلوی اداکارہ الزیبتھ ادا کر رہی ہیں۔

اس شو کے اب تک چار سیزن پیش کیے جاچکے ہیں جبکہ پانچواں سیزن رواں سال پیش کیا جائیگا جس میں پاکستانی اداکار ہمایوں سعید ڈیانا کے قریبی دوست ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔