غیر قانونی تعمیرات کیس، سندھ ہائی کورٹ کا ایس بی سی اے کو کارروائی کا حکم

عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطبق سندھ ہائیکورٹ میں رام باغ کے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات پر ایس بی سی اے کو کارروائی سے روکنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے کارروائی روکنے سے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی  کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

وکیل ایس بی سی اے نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نعمان نے گلی کا 6 فٹ حصہ گھر میں شامل کردیا ہے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا آپ کارروائی کریں، آپ کو کس نے روکا ہے؟

وکیل ایس بی سی اے نے کہا کہ عدالت نے ایس بی سی اے کو کارروائی سے روکا تھا اس لیے ابھی تک کارروائی نہیں کی۔

عدالت نے کہا کہ ہم ابھی حکم امتناع ختم کررہے ہیں جا کرغیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کریں۔

ایس بی سی اے کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ درخواست گزار نے عدالت سے حکم امتناع لے رکھا ہے۔

عدالت نے کہا کہ کوئی حکم امتناع نہیں آپ جا کے کارروائی کریں۔

درخواست گزار نعمان نے عدالت سے کہا کہ ہم نے کوئی غیر قانونی تعمیرات نہیں کی۔ ایس بی سی اے غیرقانونی کارروائی کررہا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ کسی کو غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔