راکھی ساونت کے شوہر بالآخر منظر عام پر آگئے

معروف بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے شوہر نے بلآخر مداحوں کا انتظار ختم کرادیا۔

راکھی نے اپنے شوہر کے ہمراہ رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 15 کی گزشتہ روز کی قسط میں وائلڈ کارڈ کے طور پر انٹری کی ہے۔

راکھی کے شوہر کو شو میں دیکھ کر جہاں مداح حیرانی میں مبتلا تھے وہیں بگ باس کے گھر والے بھی بے یقینی کی سی کیفیت میں دکھائی دیے۔

بگ باس کے رواں سیزن کے آغاز سے قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ خبر دی گئی تھی کہ راکھی اس شو میں شوہر رتیش کے ہمراہ داخل ہوں گی لیکن اداکارہ کی جانب سے خبر کی تصدیق نہیں کی گئی تھی تاہم اب راکھی کے شوہر سامنے آچکے ہیں۔

واضح رہے کہ راکھی ساونت نے 2019 میں میڈیا کو بتایا تھا کہ وہ شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا پر عروسی لباس میں تصویر بھی پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے رتیش کا ہاتھ تھام رکھا تھا لیکن رتیش تصویر میں دکھائی نہیں دے رہے تھے۔