رانا شمیم ن لیگی عہدیدار تھے، انہیں چیف جج لگا کر مرضی کے حلف نامے لیے گئے: فواد

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہےکہ رانا شمیم (ن) لیگ کے عہدیدار تھے اور انہیں گلگت کا چیف جج لگاکر مرضی کے حلف نامے لیے گئے۔

اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف نے جائیدادیں بنائیں جو انٹرنیشنل اسکیم میں سامنے آئیں لیکن رسیدیں مانگیں تو آئیں بائیں شائیں کرتے ہیں، جب بھی نوازشریف اور مریم نواز پر مقدمات آخری مراحل پر پہنچتے ہیں تو اسےسبوتاژ کرنےکی کوشش کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رانا شمیم (ن) لیگ کے عہدیدار تھے، ان کو گلگت بلتستان کا چیف جج لگایا گیا اور مرضی کے حلف نامے لیے گئے، عدلیہ کو اس معاملےکا بھر پور نوٹس لینا چاہیے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جعلی آڈیو، ویڈیو بنانا (ن) لیگ کا وتیرہ بن چکا ہے، مریم نواز اگرسمجھتی ہیں کہ وہ آڈیوز ان کا کیس مضبوط کرسکتی ہیں توعدالت جائیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اس ہفتے کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، تیل کی قیمتیں مزید نیچے آنے سے مہنگائی کم ہونا شروع ہوگی اور پاکستان کے معاشی حالات میں بھی بہتری آئے گی ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں میں کمی کا اثر ملک میں دو ماہ بعد پہنچتا ہے۔