کیلیفورنیا میں 80 ڈاکوؤں نے سپر اسٹور لوٹ لیا


امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں ایک بڑے اسٹور پر 80 ڈاکوؤں نے ایک ساتھ یلغار کردی اور لاکھوں ڈالرز اور سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تقریباً 80 افراد (جن میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی شامل تھیں) نے کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں ایک بڑے سپر اسٹور پر ایک ساتھ دھاوا بولا اور صرف ایک منٹ میں سامان اور بھاری رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں نے ملازمین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور مرچوں کا اسپرے کرنے کے بعد اسٹور کے باہر کھڑی اپنی گاڑیوں میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں ڈاکوؤں کے ہلہ بولنے پر اسٹور میں موجود خریدار بھی حیران اور پریشان ہوگئے، پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کرلیا تاہم اکثریت فرار ہوگئی، گرفتار ملزمان پر ڈکیتی، سازش، چوری، املاک پر قبضے اور اسلحہ سمیت مختلف الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

ڈکیتی کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں لوٹ مار کرنیوالے اپنی گاڑیوں میں داخل ہونے سے پہلے بیگ اور بکسوں کے ساتھ سڑک پر بھاگ رہے ہیں، جن کے پاس چوری شدہ سامان موجود ہے