ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کو کمزور کرنا ن لیگ کا وطیرہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کو کمزور کرنا ن لیگ کا وطیرہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے رکن پنجاب اسمبلی احسن سلیم بریار اور سہیل ظفر چیمہ کی ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں عثمان بزدار نے کہا کہ شکست خوردہ عناصر پہلے دن سے ہی سازشیں کررہے ہیں، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوامی خدمت کی سیاست سے ہر سازش ناکام ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے ماضی میں بھی مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنایا، ایک بار پھر ان کے مذموم عزائم بےنقاب ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کو کمزور کرنا ن لیگ کا وطیرہ ہے، ماضی میں یہ عدلیہ پر حملہ آور ہوئے، الزامات کی سیاست کرنے والوں کا نہ پہلے کوئی مستقبل تھا، نہ آئندہ ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پروپیگنڈہ کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے دعوؤں سے نہیں ہوتی، ہماری حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کو نبھارہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رہے گا۔