میرے بچے مجھ سے بہتر انسان ہیں : شاہ رخ کا پرانا بیان وائرل

آریان کی گرفتاری کے بعد سے شاہ رخ اوران کے بیٹے سے متعلق مختلف خبریں میڈیا میں زیر گردش ہیں اور اب بچوں کی تربیت سے متعلق بالی وڈ کنگ کے کچھ پرانے انٹرویو بھی سامنے آرہے ہیں۔

مختلف  انٹرویوز کے دوران شاہ رخ اپنے بچوں سہانا اور آریان کی تربیت پر فخر بھی کرچکے ہیں۔

شاہ رخ خان نے فادرز ڈے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ ان کے بچے ان سے بہتر انسان ہیں۔

شاہ رخ نے کہا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو انجینئر بننے کا نہیں کہتے بلکہ وہ جو چاہیں بن سکتے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ ان کے بچے صحت مند اور خوش رہیں وہ جو کرنا چاہیں وہ کریں۔

شاہ رخ نے کہا تھا کہ بچوں اور مجھ میں ایک چیز مشترک ہے اور وہ ڈمپل ہیں جو انہیں مجھ سے ملے ہیں جب کہ بچوں نے میری عادتیں نہیں لیں جس کے لیے میں خدا کا شکر گزار ہوں، وہ مجھ سے کہیں بہتر انسان ہیں۔