12ربیع الاول کی مناسبت سے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ 12 ربیع الاول کی مناسبت سےقیدیوں کی سزاؤں میں 60 روزکمی کررہےہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ  کم سن قیدیوں کےاستحصال کی اجازت نہیں دی جائےگی، قیدیوں سے متعلق پرانے قوانین کوتبدیل کیاجائےگا، قیدی قابل نفرت نہیں،جرم قابل نفرت ہوتا ہے، نفرت قیدیوں سےنہیں جرم سےکرنی چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پنجاب بھرکی جیلوں میں سردیوں میں گیزرلگایاجائےگا،پنجاب بھرکی جیلوں ایمبولینس سروس فراہم کی جائےگی، پنجاب بھرکی جیلوں میں قیدیوں کوسہولتیں فراہم کی جائیں گی، قیدیوں کوتعلیم سمیت دیگرسہولت فراہم کریں گے۔

عثمان بزدار نے مزید کہاکہ پنجاب بھرکی جیلوں میں عشرہ رحمت اللعالمین منایاجائےگا، قیدیوں کومعاشرے کا بہترین شہری بنانے پرتوجہ دی جائیگی۔

واضح رہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی خصوصی ہدایت پر پنجاب کی جیلوں کے قیدیوں اور جیل کے عملے کیلئے تاریخ ساز پیکیج تیارکیا گیا ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے آج سینٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ کیا ، اس موقع پرقیدیوں اورجیل اسٹاف کیلئے خصوصی پریزن پیکیج کا اعلان بھی کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار جیل میں ٹی وی کیبل نیٹ ورکنگ سسٹم اورجم کا بھی افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہےکہ قیدی بھی انسان ہیں اوران کے بھی حقوق ہیں۔ قیدیوں کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا ہےکہ ماضی میں قیدیوں کی حالت زار پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ہماری حکومت نے قیدیوں کے ساتھ جیل عملے کیلئے بھی خصوصی پیکیج تیار کیا ہے۔