وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کر لیا ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کو زرعی شعبوں میں اجارہ داری کے خاتمے اور پیداوار بڑھانے کے لیے جدید طریقہ کار پر بریفنگ دی جائے گی۔

اس کے علاوہ اجلاس کا 12 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ کے ٹو ایئرویز کے ڈومیسٹک لائسنس کی تجدید کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے اور سیال ایئر ویز لیمٹڈ کے ڈومیسٹک و انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارتوں، ڈویژنز میں خالی آسامیوں پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ پیش کرے گی۔ کابینہ پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی تشکیل نو اور اسپیشل رائٹس فورس کے قیام کی منظوری دے گی۔