فیاض الحسن چوہان کو ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کےعہدے سے ہٹا دیا گیا

فیاض الحسن چوہان کو ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کےعہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ایوان وزیر اعلیٰ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حسان خاور کو بطور ترجمان حکومت پنجاب مقرر کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ 13 اگست 2021 کو فیاض الحسن چوہان کو ترجمان حکومت پنجاب مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن منسوخ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل سابق حکومت پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے سیدعلی حیدر گیلانی کے ہمراہ حکومت اپوزیشن کرکٹ میچ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم سب مل کر پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کےلیے اپنی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے سے ہم بتانا چاہتے ہیں کہ غریب ہو یا امیر ، جوان ہو یا بوڑھا ، پارلیمنٹرین ہوں یا عام آدمی کھیلوں اور خصوصاً کرکٹ کے حوالے سے پرجوش ہیں ، اگر کوئی ملک یا ٹیم سمجھتے ہیں کہ ان کے کرکٹ نہ کھیلنے سے پاکستان کا امیج خراب ہو گا تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ ٹرافیاں ، کٹیں اور ٹوپیاں تیار ہیں اور میدان سجنا شروع ہو چکا ہے ، ہم کچھ اسپورٹس اور شوبز  کی شخصیات کو بھی یہاں بلا رہے ہیں ، تمام ممبران اسمبلی خواہ وہ ن لیگ کے ہوں ، پی پی یا کسی بھی جماعت کے اپنے اہل خانہ سمیت یہاں آئیں۔

 سابق حکومت پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ ہم سیاست کی طرح اپوزیشن کو میچ میں بھی ہرائیں گے ، حالانکہ یہ ہم سے اچھے کھلاڑی ہیں اور روز کھیلتے ہیں مگر پھر بھی ہم ان کو ہرائیں گے ، ٹورنامنٹ کا افتتاح اسپیکر پنجاب اسمبلی جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ہوں گے۔