ویزے، ایئر ایمبولینس کے انتظامات ہوگئے، جلد امریکا روانہ ہوں گے، اہلیہ عمر شریف

لیجنڈری اداکار، کامیڈین و میزبان عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت کے خصوصی اقدامات کی وجہ سے ان کے ویزے اور سندھ حکومت کی مہربانیوں سے ایئرایمبولینس کے انتظامات ہو چکے۔

عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

کچھ دن قبل عمر شریف نے ہسپتال کے بسترے سے حکومت سے ویزا جاری کرنے اور ایئر ایمبولینس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اب ان کی اہلیہ اداکارہ زرین غزل نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت نے عمر شریف اور اہل خانہ کے دیگر افراد کے ویزے کے انتظامات مکمل کرلیے اور انہیں ایک روز کے اندر ویزے ملنے کا امکان ہے۔

زرین غزل نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا منتقل کرنے کے لیے سندھ حکومت نے ایئر ایمبولینس کا بھی انتظام کرلیا۔

اداکار کی اہلیہ کے مطابق ایئر ایمبولینس کے تمام اخراجات اور انتظامات سندھ حکومت دیکھے گی جب کہ ویزے جلد جاری کرنے میں وفاقی حکومت کا کردار ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ویزے ملنے کے بعد وہ 15 یا 16 ستمبر کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکا روانہ ہوں گے۔

زرین غزل کے مطابق وہ ایئر ایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن یونیورسٹی جائیں گے، جہاں اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب الدین نے عمر شریف کے علاج کے تمام انتظامات پہلے ہی کرلیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر طارق شہاب نے میڈیکل ٹیم کو پہلے سے ہی تیار کر رکھا ہے اور عمر شریف کے امریکا پہنچتے ہی ان کا علاج شروع کردیا جائے گا۔

دوسری جانب ڈاکٹر طارق شہاب نے

تایا کہ عمر شریف کا علاج ایک ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے جب کہ ان کی صحت یابی میں 4 ہفتے بھی لگ سکتے ہیں۔

ڈاکٹر طارق شہاب یا زرین غزل نے عمر شریف کی بیماری سے متعلق وضاحت نہیں کی، تاہم اداکار کی اہلیہ نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ان کے شوہر کی طبیعت پہلےسے کچھ بہتر ہے