عمر شریف کے علاج کیلئے کردار ادا کرنے پر ریما خان شوہر کی مشکور

ماضی کی مقبول اداکارہ ریما خان لیجنڈری اداکار، میزبان و کامیڈین عمر شریف کے علاج کے لیے کردار ادا کرنے پر اپنے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ڈاکٹر طارق شہاب معروف ماہر امراض قلب ہے اور وہ امریکی شہری ہیں، اداکارہ نے ان سے 2011 میں شادی کی تھی۔

ڈاکٹر طارق شہاب نے امریکا میں عمر شریف کے علاج کے لیے انتظامات کر رکھے ہیں، جس کی تصدیق خود اداکار کی اہلیہ زرین غزل نے بھی کی ہے۔

عمر شریف علاج کے لیے دو سے تین دن میں امریکا روانہ ہوں گے، جہاں ڈاکٹر طارق شہاب دیگر ماہر امراض قلب کے ہمراہ ان کا علاج کریں گے۔

لیجنڈری اداکار کے علاج کے لیے کردار ادا کرنے پر ریما خان نے اپنے شوہر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فیس بک اور انسٹاگرام پر ان کی تعریف کے لیے پوسٹ بھی شیئر کی۔

یما خان نے انسٹاگرام پر عمر شریف کے ساتھ کھچوائی گئی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے اس بات کر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کے شوہر نے ماضی کے مقبول اداکار کے علاج کے لیے کردار ادا کیا۔

ریما خان نے عمر شریف کی علالت پر بھی بات کی اور لکھا کہ انہوں نے پوری زندگی سخت محنت کرکے مشکل حالات میں بھی عوام کو ہنسایا اور آج ان کی بیماری کی خبر نے اداکارہ کو پریشان کردیا۔

اداکارہ نے لکھا کہ ان کے شوہر طارق شہاب نے عمر شریف کے علاج کے لیے ہائی رسک پروسیجر کی حامی بھری۔

ریما خان نے اس بات پر فخر اور شکر کا اظہار کیا کہ ان کے شوہر عمر شریف کے اہل خانہ کے ساتھ اداکار کے علاج کے لیے بھرپور تعاون ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے شوہر کی تعریفیں کرتے ہوئے عمر شریف کا علاج کرنے کے لیے انتظامات کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی لکھا کہ وہ اداکار کی شفایابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ریما خان نے لکھا کہ وہ خدا سے دعا کریں گی کہ طارق شہاب کے ہاتھوں میں شفا رکھے اور عمر شریف صحت یاب ہوکر عوام کو پھر سے ہنسائیں۔

خیال رہے کہ عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے علیل ہیں اور وہ اس وقت کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں مگر وہ جلد ہی امریکا روانہ ہوں گے۔