عمر شریف کی بہتر علاج کیلئے وزیراعظم سے مدد کی اپیل

پاکستان کے نامور کامیڈین، اسٹیج اداکار و میزبان عمر شریف نے بہتر علاج کے لیے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کے مطابق انہیں بہتر علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہیے۔

عمر شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں علاج کی اپیل کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ہسپتال کے بستر پر موجود ہیں اور کافی کمزور نظر آرہے ہیں۔

عمر شریف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا کہ ‘ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ مجھے بہتر علاج کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہیے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘میری قسمت میں تھا کہ میں نے عمران خان کے شوکت خانم کینسر ہسپتال بنانے میں مدد کی’۔

عمر شریف کا کہنا تھا کہ ‘ڈاکٹرز نے مجھے کہا ہے کہ میرا بہتر علاج امریکا میں ہوسکتا ہے’۔

انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں عمر شریف، وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مخاطب ہوں، عمران خان جب بھی کوئی کام شروع کیا ہے آپ نے مجھے فون کیا، میں نے ہمیشہ آپ کی آواز پر لبیک کہا ہے اسی لیے مجھے یقین ہے کہ آپ بھی میری آواز پر لبیک کہیں گے’۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 2 سے 3 ہفتے سے زیادہ تاخیر نہیں کی جاسکتی ہیں اس سے زیادہ وقت نہیں ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ‘میں وزیراعظم کو عمر شریف کا یہ پیغام دوں گا اور جن 3 ممالک میں ان کا علاج ہے وہاں بھی بذات خود رابطہ کروں گا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم سعودی اور جرمن سفارتخانے سے رابطہ کرکے اقدامات اٹھائیں گے امریکا سے بھی کہیں گے لیکن یہ دونوں ملک قریب ہیں تو معاملات جلدی ہوجائیں گے’۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ‘جو کچھ حکومت کرسکتی ہے عمر شریف کے لیے کرے گی’۔

وئٹ میں ڈاکٹر شہباز گل نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعظم آفس ان سے رابطے میں ہے۔

خیال رہے کہ عمر شریف کی صحت کے حوالے سے گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں۔