یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر آئی ایس پی آر کانیا گانا ’ پیغام لائی صبا‘ ریلیز

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر پاکستان کے تمام فوجی جوانوں کی قربانیوں کو سراہنے اور خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی گانا ’پیغام لائی صبا‘ ریلیز کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے پاکستان کے بہادر اور جرأت مند فوجیوں کی انتھک خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یہ خصوصی گانا ’پیغام لائی صبا‘ ویڈیو شیئرنگ ایپ یوٹیوب پر ریلیز کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے اس گانے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ، یہ گانا بہادر مردوں کی جرأت اور بہادری کی عکاسی کرتا ہے  جو اپنے ملک کی دن رات خدمت کرتے ہیں اور جو اپنے لوگوں اور زمین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بے لوث ہو کر سب کچھ قربان کر دیتے ہیں۔

اس خصوصی گانے کے بارے میں مزید بتایا گیا کہ ،اس گانے میں فوجی جوانوں کے خاندانوں کی بے پناہ ہمت، مضبوط اور بلند حوصلے کو بھی دکھایا گیا ہے، جو اِن کی مدد کرنے میں کبھی ناکام نہیں ہوتے۔

مسعود عالم کے لکھے ہوئے اس گانے’ پیغام لائی صبا‘ کو معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے گایا ہے جبکہ شیراز اپل اس کے ہدایتکار ہیں ۔

گانے کے موسیقار مسعود عالم اور شیراز اپل ہیں اور اسے آئی ایس پی آر کے تعاون سے راک اینڈ رول پروڈکشن کے بینر تلے ریلیز کیا گیا ہے۔