عثمان بزدار صاحب ماردھاڑ والا کام نہ کریں ، ہم سڑکوں پر آگئے تو کوئی گلہ نہ کرے ، سعد رفیق

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سعدرفیق نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کی مہم کے دوران ہمارے حلقے میں دو حملے کئے گئے جس میں چار کارکن زخمی ہو گئے ، عثمان بزدار صاحب مار دھاڑ والے کام نہ کریں ، ہم سڑکوں پر آگئے تو بعد میں کوئی گلہ نہ کرے ۔

خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حلقے میں ہونے والے دو حملوں میں ہمارے چار کارکن زخمی ہوئے اور پولیس نے الٹا ہمارے ہی لوگ پکڑ لئے ، ہمارے دیرینہ ساتھی نعیم بٹ پر حملہ ہوا ، حملہ کرنے والے پیشہ ور بد معاش ہیں ، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ مجرموں کو پکڑے ،مسلم لیگ ن نے ہر وارڈ میں اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں ،حکومت کو اپنی کمزور پوزیشن کا علم ہے ۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آج لوگ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ آچکے ہیں ، الیکشن کا وقت قریب آے ہی حکومت نے عوام کو چونا لگانا شروع کر دیا ،ہمارے سامنے آنے والی صورتحال میں یہ کسی جگہ بھی لیڈ نہیں لے کر جا رہے ، 

رہنما مسلم  لیگ ن نے کہا کہ  ترقیاتی کاموں کے نام پر فراڈ بنا کیا جائے ، عوامی خدمت کا اتنا شوق ہے تو والٹن روڈ بنائی جائے ، پیکیج مال کے باہر پمپنگ سٹیشن بننا تھا ، تین سال میں وہ نہیں بنا۔میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ میڈیا کنٹرولڈ اتھارٹی بل ہے ، ٹی وی چینلز کے مالکان کو پکڑا گیا، صحافیوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے ۔