نئے اتحاد کی تیاری

اسلام آبا د(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ہم خیال گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین نے مستقبل کے لائحہ عمل کے لئے اہم مشاورتی اجلاس سیاحتی مقام نتھیا گلی میں طلب کر لیا۔اجلاس تین روز تک جاری رہے گا جس میں اس حوالے سے مشاورت کی جائے گی کہ آئندہ انتخابات میں کیا حکمت عملی ہو گی۔اس سے قبل بلدیاتی انتخابات میں ایک گروپ اور ایک نشان کے تحت الیکشن لڑا جائے۔اجلاس میں مستقبل میں ن لیگ، ق لیگ سمیت پیپلز پارٹی کے ساتھ ممکنہ اتحاد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین نے اپنے گروپ کے 40 کے قریب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس 2 اگست کو نتھیا گلی مری میں بھی طلب کیا ہے جو 4 اگست تک جاری رہے گا۔ارکان اسمبلی کے قیام و طعام کا اہتمام کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ترین نے قریبی سینئر رفقاء سے مشاورت کی ہے کہ مستقل میں عمران خان کے ساتھ مکمل طور پر صلح نہیں ہوتی تو اس صورت میں کیا لائحہ عمل ہونا چاہئے۔ کیونکہ بجٹ منظوری کی مجبوری کے تحت وزیراعظم اور حکومت کو وقتی طور پر ریلیف دینا پڑا جبکہ اصل صورت حال مختلف ہے۔قوی امکان ہے کہ اگلے الیکشن میں ہم خیالوں کو ٹکٹ نہیں ملے گا۔صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کا سیاسی نقشہ ابتدائی طور پر زیربحث آئے گا۔